منڈگوڈ20/نومبر (ایس او نیوز) منڈگوڈ میں بی جے پی کے کٹر حامی خاندان کے طور پر پہچانے جانے والے سابق رکن اسمبلی اور موجود کے ایس آر ٹی سی چیرمین وی ایس پاٹل کے بیٹے اور بی جے پی کے یووا لیڈر باپوپاٹل نے بی جے پی سے رشتہ توڑ کر کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
کانگریس پارٹی کے دفتر میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے باپو پاٹل نے کہا کہ زندگی بھر بی جے پی کو استحکام دلانے کے لئے رات دن ایک کرنے والے کارکنان کی اب بی جے پی میں کوئی حیثیت نہیں رہ گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں جو سیاسی سرگرمیاں اور اتھل پتھل دیکھنے کو مل رہا ہے اور بی جے پی کے اندر جو رجحان پیداہوا ہے اس سے مایوس ہوکر انہوں نے اپنے حامیوں کے ساتھ 22نومبر کانگریسی لیڈر اور رکن اسمبلی دیشپانڈے کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیاسی گلیاروں میں ایک طرف یہ کہاجارہا ہے کہ باپو پاٹل کے اس اقدام سے ان کے والدوی ایس پاٹل کے لئے پریشان کن صورتحال اور ہزیمت کا سامناکرنا پڑ سکتا ہے تو دوسری طرف کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ خود وی ایس پاٹل بھی اب بی جے پی سے بیزار آچکے ہیں اور وہ بھی اپنے فرزند کے بعد اسی راستے پر آگے بڑھتے ہوئے چند مہینوں کے اندر کانگریس میں شامل ہونے کے امکانات ہیں۔
پریس کانفرنس کے موقع پریلاپور ضمنی انتخاب کے لئے کانگریسی امیدواربھیمنّا نائک نے کہا کہ شیورام ہیبار نے ضلع میں کانگریس کو پوری طرح ختم کرنے کی سازش کی تھی، لیکن یہ ممکن نہیں ہے۔ اس انتخاب میں عوام نے کانگریس کو ووٹ دینا طے کرلیا ہے۔اس علاقے میں کانگریس دوبارہ فتح حاصل کرے گی۔